یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے کمیٹی روم میں پنجاب سیڈ کونسل کا 61واں اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر زراعت و چیئرمین پنجاب سیڈ کونسل سید عاشق حسین کرمانی نے کی۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت شکیل احمد میاں، پارلیمانی سیکرٹری زراعت اسامہ لغاری، ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ریسرچ، ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ایکسٹینشن، وفاقی محکمہ بیج سرٹیفیکیشن کے نمائندگان، مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن ڈاکٹر فرحان فاروق، سائنسدانوں اور متعلقہ افسران نے شرکت کی
اجلاس میں گندم کی تین نئی اقسام گندم 8، ڈیورم اور رزق کی منظوری دی گئی، جبکہ دھان کی چھ نئی اقسام بھی منظور کی گئیں۔ اس کے علاوہ مختلف فصلوں کی نئی اقسام، جن میں مکئی کی ہائبرڈ قسم PB Pro A-2017، آلو کی قسم ونٹر شائن، گنے کی قسم FDP-254، تیل دار اجناس اور دالوں کی مختلف اقسام شامل ہیں، کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں تقریباً 63 مختلف اقسام منظوری کے لیے پیش کی گئیں، جن میں سے 26 اقسام کو پنجاب سیڈ کونسل نے منظور کر لیا۔
چیئرمین پنجاب سیڈ کونسل و صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے ہدایت کی کہ آئندہ ہفتے پنجاب سیڈ کونسل کا دوبارہ اجلاس منعقد کیا جائے تاکہ باقی ماندہ فصلوں کی ان اقسام کا بھی جائزہ لے کر منظوری دی جا سکے جو مطلوبہ معیار پر پورا اترتی ہیں۔
سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے میں زرعی پیداوار اور شعبہ زراعت کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ صرف تصدیق شدہ اور معیاری بیج استعمال کریں تاکہ فصلوں کی پیداوار میں اضافہ اور ملک میں غذائی تحفظ کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔




Chat on WhatsApp