پنجاب سیڈ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس صوبائی وزیر زراعت کے دفتر میں منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر زراعت پنجاب و چیئرمین پنجاب سیڈ کارپوریشن بورڈ سید عاشق حسین کرمانی نے کی۔
اجلاس میں صوبائی سیکرٹری زراعت شکیل احمد میاں، مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن ڈاکٹر فرحان فاروق، پنجاب سیڈ کارپوریشن کے بورڈ ممبران اور متعلقہ افسران و عملے نے شرکت کی۔
اجلاس میں مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن ڈاکٹر فرحان فاروق کی جانب سے گزشتہ تین سالوں کے دوران گندم کے بیج کی قیمتوں، پیداواری لاگت اور دیگر متعلقہ اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔ رواں سال گندم کے بیج کی قیمت کے تعین کے حوالے سے مختلف تجاویز اور مالی امور بھی بورڈ کے سامنے پیش کیے گئے، جن پر بورڈ کے تمام ممبران نے اپنی آراء کا اظہار کیا۔
صوبائی وزیر زراعت پنجاب و چیئرمین پنجاب سیڈ کارپوریشن بورڈ سید عاشق حسین کرمانی نے ہدایت کی کہ گندم کے بیج کی قیمت مقرر کرتے وقت اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کاشتکاروں کو تصدیق شدہ اور معیاری بیج مناسب اور ارزاں نرخوں پر دستیاب ہو، تاکہ ملک بھر کے کاشتکار اس سہولت سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری بیج کی فراہمی میں پنجاب سیڈ کارپوریشن کا کردار انتہائی اہم ہے۔
صوبائی وزیر زراعت نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب حکومت کاشتکاروں کی سہولت اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ پنجاب سیڈ کارپوریشن بھی معیاری بیج کی فراہمی کے ذریعے زرعی پیداوار میں اضافے اور کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی میں اپنا مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔



Chat on WhatsApp